جمعہ 27 نومبر 2026 - 14:14
دنیاوی مفادات کے لیے الٰہی عہد نہ بیچیں، حیاتِ طیبہ ایمان و عمل صالح میں ہے، امام جمعہ رنگون

حوزہ/ مغول شیعہ جامع مسجد رنگون میں خطبۂ جمعہ کے دوران حجۃ الاسلام والمسلمین حاجی محمد معصوم علی نے سورۂ نحل کی آیات ۹۵ تا ۹۷ کی روشنی میں وفائے عہد، صبر و استقامت اور ایمان و عمل صالح کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیاوی مفادات عارضی ہیں، جبکہ اللہ کے پاس موجود اجر و ثواب باقی رہنے والا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رنگون: مغول شیعہ جامع مسجد رنگون میں اس ہفتے نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین حاجی محمد معصوم علی کی امامت میں ادا کی گئی۔ خطبۂ جمعہ میں انہوں نے سورۂ نحل کی آیات ۹۵ تا ۹۷ کی روشنی میں وفائے عہد، صبر و استقامت اور ایمان و عمل صالح کے ذریعے حیاتِ طیبہ کے حصول پر روشنی ڈالی۔

حاجی محمد معصوم علی نے اپنے خطبے میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے عہد کو دنیاوی اور معمولی مفادات کے بدلے فروخت نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ دنیا کی نعمتیں عارضی ہیں، جبکہ اللہ کے پاس موجود اجر و ثواب ہمیشہ باقی رہنے والا ہے۔

انہوں نے وفائے عہد کو مؤمن کی شخصیت اور اخلاقی کردار کی اہم علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو خاندانی زندگی، تجارت، سماجی ذمہ داریوں اور دینی امور میں صداقت و امانت داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ امام علی علیہ السلام کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے عہد و پیمان کی پابندی اور حتیٰ کہ دشمنوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری پر بھی زور دیا۔

خطیب جمعہ نے صبر کو حق کے راستے میں استقامت، گناہوں سے اجتناب اور مشکلات کے مقابلے میں ایمان و اخلاق کو محفوظ رکھنے کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام اور اصحابِ کہف کے قرآنی واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی کامیابی وقتی مفادات کے بجائے رضائے الٰہی کو ترجیح دینے میں ہے۔

حیاتِ طیبہ کی تشریح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکیزہ زندگی صرف مال و دولت اور ظاہری آسائشوں کا نام نہیں، بلکہ ایمان، عمل صالح، روحانی سکون، عدل، اخلاق اور خدمتِ خلق سے عبارت ہے۔ قرآن کریم مرد و عورت دونوں کو ایمان اور نیک اعمال کے ذریعے سعادت و معنوی ترقی کا راستہ دکھاتا ہے۔

دوسرے خطبے میں انہوں نے مسلمانوں کی خاندانی، معاشرتی اور دینی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے والدین، تاجروں، کارکنوں، علما اور سماجی ذمہ داران کو اپنے فرائض دیانت داری اور امانت کے ساتھ انجام دینے کی تاکید کی۔

حجۃ الاسلام والمسلمین حاجی محمد معصوم علی نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح کا آغاز خاندان سے ہوتا ہے اور صداقت، امانت داری، صبر، عدل اور خدمتِ خلق جیسے اخلاقی اصولوں کو روزمرہ زندگی میں اپنانا حیاتِ طیبہ کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha